(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ میں بہتری کے لئے ماسٹر پلان طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر صنعت چودھری شافع حسین، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، چیئرمین ٹیوٹا، سی او او ٹیوٹا اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ میں بہتری کے لئے ماسٹر پلان طلب کرتے ہوئے ٹیوٹا حکام کو جدید ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کے لئے 5سالہ روڈ میپ مرتب کرنے کی ہدایت کردی، اجلاس میں ٹیوٹا بورڈ کی از سرنو تشکیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہنر مند انسانی وسائل کی ایکسپورٹ کے لئے ڈیمانڈ کا علم ہونا ضروری ہے، صنعتی ضروریات کے مطابق ٹریننگ اور کورسز کرائے جائیں، ووکیشنل اور ٹیکنیکل اداروں میں اچھے انسٹرکٹر لائے جائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے شعبے میں بہتری سے ٹیکنالوجی کا انقلاب برپا ہوسکتا ہے، ہر انڈسٹریل سیکٹر کی ڈیمانڈ کے مطابق کورس ڈیزائن کئے جائیں، ٹیوٹا سے فارغ التحصیل ہر گریجوایٹ کو فوراً نوکری ملنی چاہیے، ٹیوٹا بورڈ میں صنعتکاروں اور نجی سیکٹر کے نمائندوں کو شامل کیاجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا اداروں کی پرانی لیبز کی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق اپ گریڈیشن کی جائے گی، ٹیوٹاکے اداروں کو لرن اینڈ ارن کے مطابق کام کرنا چاہیے،پنجاب میں ہائی ٹیک آئی ٹی ٹیکنالوجی ٹریننگ کی ضرورت ہے۔