نشتر پارک(سٹی42) اسٹائلش بیٹر اور پاکستان کے سابق کپتان ظہیر عباس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نے ظہیر عباس کو پی سی بی ہال آف فیم کی اعزازی ٹوپی اور اعزازی پلاک پیش کی, تقریب گزشتہ روز پاکستان اورآسٹریلیا کے مابین جاری بینو قادر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ کے کھیل میں کھانے کے وقفے کے دوران منعقد کی گئی،اس سے قبل وسیم اکرم اور فضل محمودبھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں۔
ظہیر عباس کا کہناہے کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پرموجود ہزاروں شائقین کرکٹ کے سامنے اس باوقار انداز میں یہ اعزاز دیئے جانے پر بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً دو دہائیوں تک پاکستان کی نمائندگی کو وہ خود کے لیے بہت بڑا اعزاز سمجھتے ہیں, وہ پی سی بی، اپنے خاندان، دوستوں اور اپنے تمام ہم عصروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے اس یادگار سفر میں ان کا ساتھ دیا۔