سٹی 42: سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے لانگ مارچ کے حوالے سے حکومت کی جانب سے تاحال کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئیں، لیکن اگر دفعہ ایک سو چوالیس لگائی گئی تو کسی کو لانگ مارچ کرنے یا اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق صدر ڈویژن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے بتایا کہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں چیلنج بنی ہوئی ہیں، چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے شہر سے باہر جانے کے واقعات پر وہ اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈویژن کی جانب سے جو گینگ گرفتار کیا گیا، اس گینگ سے بیالیس موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
سی سی پی او نے پریس کانفرنس کے بعد موٹر سائیکلیں اصل مالکان کے حوالے بھی کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل چوری روکنے کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ لانگ مارچ کے حوالے سے سوال پر سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا۔
غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس، محکمہ ہیلتھ اور ڈی سی آفس کی ٹیموں کے ہمراہ حفاظتی انتظامات یقینی بنائے گی۔ شادی ہالز سمیت تمام اجتماعات والی جگہوں پر حکومتی گائیڈ لائنز کو یقینی بنایا جائے۔ سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومت کی طرف سے سمارٹ لاک ڈاؤن ایریاز میں کورونا ایس او پیز کی پاسداری کروائی جائے جبکہ لال ڈاؤن کے علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کو بھی اس وبا سے محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں گئے۔