ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے سول و سیشن عدالتوں کے موسم گرما کے اوقاتِ کار جاری کردیئے ہیں، یکم اپریل سے لاہور سمیت صوبہ بھر کی سول اور سیشن عدالتوں میں نئے عدالتی اوقات کار کا اطلاق ہوگا۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس کے مطابق سول و سیشن عدالتوں میں پیر سے جمعرات اور ہفتے کو عدالتی اوقات کار صبح آٹھ بجے سے ساڑھے تین بجے سہ پہر تک ہوں گے۔ سول اور سیشن عدالتوں میں ایک سے ڈیڑھ بجے تک نماز اور کھانے کا وقفہ ہوگا۔ ماتحت عدالتوں میں جمعہ کے روز عدالتی اوقات کار صبح آٹھ بجے سے دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک ہوں گے۔
سول اور سیشن عدالتوں میں عدالتی اوقات کار تبدیل کرنے کے متعلق نوٹیفکیشن کی نقول رجسٹرار سپریم کورٹ ،رجسٹرار وفاقی شرعی عدالت، رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ، رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ ، رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ، پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری لاہور ہائیکورٹ، چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر متعلقہ افسروں کو بھجوادی گئی ہیں۔