سٹی 42: گزشتہ روز ہونیوالے چئیرمین سینیٹ کے انتخابات میں یوسف رضاگیلانی کے 7ووٹ مسترد کیسے ہوئے؟
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کو ووٹ کاسٹ کرنے کی پالیسی مہنگی پڑ گئی ، پیپلزپارٹی کی جانب سے خودان 7سینٹرز کو یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہر لگانے کا کہا گیا ۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی اور قائدین نے خصوصی ہدایات کیں۔ووٹرز نے ہدایات کے مطابق عمل درآمد کیا اور بتائی گئی جگہ پر مہر لگائی۔ قیادت کی جانب سے ان ہدایات کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ یہ ثابت ہو سکے کہ انہوں نے یوسف رضا گیلانی کو ہی ووٹ دیاہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کامیاب ہوئے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست ہوئی تھی۔ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ میں صادق سنجرانی نے 48 اور یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کیے جبکہ آٹھ ووٹ مسترد ہوئے۔سات ووٹ یوسف رضاگیلانی جبکہ ایک ووٹ میں دونوں امیدواروں کے نام پر مہر لگائی گئی تھی ۔
حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد امیدوار مرزا محمد آفریدی نے بھی کامیابی حاصل کی ۔جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے 98 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ جس میں حکومتی امیدوار مرزا محمد آفریدی نے 54 اور اپوزیشن کے عبدالغفور حیدری نے 44 ووٹ حاصل کیے۔