(حافظ شہباز) کورونا وائرس کا پاکستان سپر لیگ پر اٹیک، 10غیر ملکی کھلاڑی اور ایک کوچ پی ایس ایل چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہونے کیلئے تیار ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نےغیرملکی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل چھوڑنے کی اجازت دے دی، ترجمان پی سی بی کے مطابق کوئی بھی کھلاڑی مرضی سے پی ایس ایل سے الگ ہوسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مقامی کھلاڑیوں کو بھی لیگ سے الگ ہونے کی اجازت دیدی ہے۔ کراچی میں کھلاڑیوں کی سرگرمیاں محدود کر دی گئیں۔ عوامی مقامات پرجانے سے گریز کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ اسلام آباد یوائیٹڈ کا پریکٹس سیشن بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن بند ہونےکےڈر سےکھلاڑی واپس جا رہے ہیں۔ واپس جانے والے کھلاڑیوں میں لیام لیونگسٹن، بریتھویٹ، لیام ڈاوسن، الیکس ہیلز، ٹام بینٹن، لیوئس گریگری، جیمز ونس اورریلی روسوبھی شامل ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے خطرے کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاور لاہور قلندر انتظامیہ کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام کھلاڑی لیگ کے لئے دستیاب ہونگے جبکہ لاہور قلندر انتظامیہ کا بھی کہنا ہے کہ لاہور قلندر ٹیم کے تمام غیر ملکی اور مقامی کھلاڑی پی ایس ایل کے لئے دستیاب ہیں۔ ملتان کے خلاف اپنا اگلا کھیل میچ کھیلنے کے لئے تمام کھلاڑی تیار ہیں۔ ہمارے پاس کوئی غیر ملکی کھلاڑی نہیں ہے جو پی ایس ایل چھوڑنا چاہتا ہو۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے پی سی بی نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے کراچی میں ہونے والے بقیہ میچز تماشائیوں کے بغیر خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔