(علی ساہی) کمپنیوں کے سیمپلز فیل، پولیس کی وردی خریدنے کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا، رواں مالی سال ختم ہونے میں 3 ماہ رہ گئے، اڑھائی لاکھ وردیوں کیلئے کنٹریکٹ جاری نہ کیا جاسکا۔
پنجاب پولیس کی وردی کی خریداری میں رواں مالی سال بھی تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا، سیمپلز فیل ہونے کی وجہ سے پری کوالیفائی کرنیوالی 3 کمپنیوں میں سے کسی کو بھی کنٹریکٹ جاری نہیں کیا جاسکا، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹک اینڈ ویلفئیر نے کمپنیوں کو دوبارہ سیمپل جمع کرانے کا حکم دے دیا، کمپنیوں کی جانب سے سیمپلزموصول ہونے کے بعد لیبارٹری بھجوائے جائیں گے، لیبارٹری سے منظوری کے بعد وردیوں کے کنٹریکٹ کیلئے فنانشل بڈ کی جائے گی، کنٹریکٹ فنانشل بڈ میں کم ریٹ دینے والی کمپنی کو دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی سابق آئی جیزکی جانب سے بروقت فیصلہ نہ کرنے کی وجہ سے وردی خریدی نہیں جاسکی تھی، اگر اعلیٰ افسران کی جانب سے رواں سال بھی بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وردی کے فنڈز سرنڈر کرنا پڑیں گے۔