سٹی42: سیف اللہ نیازی کو پاکستان تحریک انصاف کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا گیا ہے، چیئرمین تحریک انصاف کی منظوری سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
سیف اللہ نیازی چاروں صوبوں میں تحریک انصاف کو منظم کریں گے، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی پارٹی کی تنظیم نو کا فریضہ سرانجام دیں گے، انہیں پالیسی سازی، آئین کی تشکیل اور قومی و مقامی انتخابات کیلئے پارٹی کی تیاری کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ سیف اللہ نیازی ملک بھر میں تمام تنظیمی عہدیداران چیف آرگنائزر سے ہدایات لینے اور جواب دینے کے پابند ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد سیف اللہ نیازی نے وزیر اعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات بھی کی، وزیر اعظم نے سیف اللہ نیازی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے سینئر ترین رکن ہیں۔
ان کی تمام دعائیں اور نیک خواہشات سیف اللہ نیازی کیساتھ ہیں، سیف اللہ نیازی نےشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیئرمین کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔