(جنید ریاض) محکمہ تعلیم نے بچوں کی گرمی کی چھٹیاں کم کردی، صوبہ بھر کے سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات 8 جون سے ہونگی 10 اگست کودوبارہ کھلیں گے ، رمضان المبارک میں سکول صبح 7 بجے لگے گا 11 بجے چھٹی دے دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اللہ بخش ملک نے پرائیوٹ سکول مالکان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ گرمی کی چھٹیاں 8 جون سے صوبہ بھر کے سرکاری ونجی سکولوں میں کی جائیں گی اور 10 اگست کو سکول دوبارہ کھلیں گے۔
سکولوں کے اوقات کار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ رواں سال رمضان المبارک میں سکول صبح 7 بجے لگا کریں گے جبکہ تمام سکولوں میں بیک وقت چھٹی 11 بجے ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرائیوٹ سکول مالکان سے ہر ماہ میٹنگ ہوا کرے گی جس میں اہم نکات کو زیر بحث لایا جائے گا۔
سیکرٹری سکولز کا مزید کہنا تھا کہ سکولوں میں بھارتی اور پاکستانی گانوں پر رقص کرانا پر پابندی ہوگی جبکہ ملی نغموں اور قومی گیتوں پر بچے پرفارم کرسکیں گے۔