راؤ دلشاد : سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی جانب سے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ مر یم نوا زشریف اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
سپیکر ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی سرپرستی، وزیراعظم شہباز شریف کی رہنمائی اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں متوازن بجٹ پیش کیا گیا۔ صوبائی بجٹ کی منظوری تاریخ ساز قدم اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے۔ بجٹ میں غربت کے خاتمے سمیت تمام عوامی مسائل کے حل موجود ہیں۔ حکومت نے پنجاب بجٹ میں تعلیم،صحت اور سماجی تحفظ کو اولین ترجیح دی۔ بجٹ سے تمام شعبہ ہائے زندگی سمیت محروم معیشت طبقات کو ریلیف حاصل ہو گا۔ بجٹ میں پیداوری شعبہ جات میں صنعت اور زراعت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسان دوست بجٹ میں زرعی شعبہ کو مثالی مراعات دینے اور پیداوری صلاحیت بڑھانے کے لیے بہترین ریلیف دیا۔ حکومت کی طرف سے عوام کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی پیکج پر اپوزیشن کی تنقید بے سود ہے۔ مسلم لیگ ن جب سے اقتدار میں آئی ہے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اٹھارہی ہے، پائیدار ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے، ملک معاشی بحران کی کیفیت سے دن بدن باہر آ رہا ہے۔ انشاء اللہ ملک کے حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے۔