اویس کیانی: جہلم میں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے جہلم کینٹ کا دورہ کیا، انہوں نے جہلم ترکئی ٹول پلازہ پر منشیات فروشوں کی فائرنگ سے اے این ایف کے شہید اہلکاروں محمدگلزار، مظہر اقبال اور ذیشان کی نماز جنازہ میں شرکت کی، ان کے ہمراہ جی او سی جہلم, اے این ایف پنجاب کے ڈائریکٹرجنرل, کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر جہلم، ڈی پی او جہلم، عسکری و سول افسران اور اے این ایف کے حکام نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
محسن نقوی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیا، انہوں نے شہداء کے والدین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے شہداء کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہادت کا اعلی مرتبہ پانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، اے این ایف کے اہلکاروں مظہر اور گلزار نے جان دے دی لیکن فرض پر آنچ نہیں آنے دی۔