(ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اداکارہ کبریٰ خان کا انکشاف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مداح نے سیلفی لینے کیلئے اُن کا گلا دبوچ لیا تھا۔
اداکارہ کبریٰ خان نے حال ہی میں ایک نجی انٹرویو میں شرکت کی جہاں اپنے ساتھ ماضی میں پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کر تے ہوئے اُنہوں نے بتایا کہ 2018 میں وہ ساتھی اداکاروں کے ساتھ فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی 2‘‘کی تشہیر میں مصروف تھیں، جہاں اچانک سے ایک خاتون مداح نے سیلفی لینے کی خاطر اُن کی طرف اپنا ہاتھ بڑھایا اور گردن پکڑ لی، خاتون کا ہاتھ ان کے گلے میں کافی دیر تک رہا جس کے بائث انہیں سانس لینے میں مشکل بھی پیش آئی۔
اس حوالے سے اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت میری حالت ایسی ہو گئی تھی کہ سانس بالکل بھی نہیں آ رہا تھا، سیکیورٹی اہلکا روں کا مداح کو دھکہ دینے پر میں نے سیکیورٹی سے درخواست کی کہ کسی کو بھی دھکا نہیں دو اور لوگوں سے کہو کہ ہمارے ساتھ ایسا سلوک نہ کریں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں یہ بھی جانتی ہوں کہ یہ عمل کرنے کا مذکورہ لڑکی کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور ایسا صرف لڑکیاں نہیں بلکہ لڑکے بھی کرتے ہیں۔ عوامی تقریبات میں شوبز شخصیات کے ساتھ بدتمیزی کے واقعات پیش آنا معمول کی بات ہے اور لڑکے ہوں یا لڑکیاں وہ بدتمیزی کرتی ہیں۔ عام طور پر اداکارائیں گاڑی میں بیٹھتی ہیں تو لڑکیاں ان کی کار کو گھیرے میں لے لیتی ہیں اور اداکارائوں کو تنگ اور پریشان کرتی ہیں، لڑکے بھی ایسا کرتے ہیں۔ عوامی تقریبات کے دوران ساتھی اداکاروں اور سیکیورٹی عملے کے ہوتے ہوئے بھی انہیں تنگ کیا جاتا ہے اور بعض نامناسب واقعات بھی پیش آجاتے ہیں۔
واضح رہے کبریٰ خان کے مطابق یہ ناخوشگوار واقعہ 2018 میں ان کیساتھ ایک شاپنگ مال میں پیش آیا تھا جب وہ فہد مصطفیٰ، ہمایوں سعید، واسع چوہدری اور احمد علی بٹ سمیت دیگر ساتھی اداکاروں کے ہمراہ اپنی فلم 'جوانی پھر نہیں آنی ٹو' کی پروموشن میں مصروف تھیں۔