(ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ و ماڈل گتھیکا تیواری نے پاکستانی اداکار فیروز خان کے ساتھ اپنے تعلقات کی افواہوں کی تردید کردی۔
گزشتہ برس گھریلو تشدد کے تنازعات میں گِھرے رہنے والے پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے رواں سال کے آغاز کے ساتھ ہی بھارتی اداکارہ کے ہمراہ فیچر فلم کا اعلان کیا تھا۔ نئے پراجیکٹ کی شوٹنگ سے سامنے آنے والی جھلکیوں میں فیروز خان اور گتھیکا تیواری کو ایک دوسرے کے ہمراہ دیکھا گیا جس کے بعد سے اس جوڑے کے درمیان ڈیٹنگ کی افواہیں سرگرم ہونے لگیں۔
یکے بعد دیگرے دونوں فنکاروں کا ایک دوسرے کی پوسٹ پر تبصرہ کرنا بھی سوشل میڈیا صارفین کی آنکھوں میں کھٹکنے لگا جبکہ گتھیکا تیواری کے انسٹاگرام پر صرف ایک ہی اکاؤنٹ 'فالوئنگ لسٹ' میں شامل تھا جوکہ فیروز خان ہی تھے۔
ان تمام افواہوں کے بعد حال ہی میں گتھیکا تیواری نے اپنے ایک انٹرویو میں سوشل میڈیا صارفین سے افواہوں کی تردیدکردی۔ اداکارہ کا فیروز خان کو ایماندار دوست قرار دیتے ہوئےاُن کا کہنا تھا کہ فیروز خان ایک اچھے انسان ہیں، اُن کا فیروز نام ہی احترام ، عبادت، صبر اور محبت کا ہے، اور مجھے لگتا ہے کہ میں نے فیروز خان سے بہت کچھ سیکھا ہے، میرے نزدیک فیروز ایک ایماندار اور رحم دل انسان ہیں۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد اداکار فیروز خان بھی ان کی تعریف کیے بنا خود کو نہ روک سکے، تبصرہ کرتے ہوئے فیروز خان کا کہنا تھا کہ سچ کہوں تو کسی کو پہچاننے کے لیے ایک نظر ہی کافی ہوتی ہے اور یہ کہنا ضروری ہے کہ آپ خود ایک خوبصورت انسان ہیں۔
اداکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھی سٹوری شئیر کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ اداکار فیروز خان حال ہی میں دعا نامی لڑکی کیساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔ فیروز خان نے پہلی شادی 2018ء میں علیزا سلطان سے کی تھی جس کے بعد اس جوڑی کے ہاں 2019ء میں بیٹے کی پیدائش اور 2022ء میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ بیٹی کی پیدائش کے بعد ہی سے فیروز خان اور علیزا کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی, علیزا سلطان کی جانب سے فیروز خان پر تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔