شہر لاہورمیں سورج آنکھیں دکھانے لگا، درجہ حرارت 44 ڈگری تک جانے کا امکان

13 Jun, 2024 | 09:25 AM

(کومل اسلم)  سورج کی تپش سےشہر لاہور میں  گرمی کی شدت میں  بتدریج اضافہ ہونے لگا جبکہ   آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 34 فیصد ریکارڈ  کیا گیا ہے۔ عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور چوتھے نمبر پر  آ گیا ہے جبکہ  ائیر کوالٹی انڈکس کی شرح 141 ریکارڈ کی گئی ہے،سید مراتب علی روڈ 162 ،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 146 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی تاکید کی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کےمطابق شہر کراچی کا  موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہنے  کا امکان ہے گا تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ مومیات کے مطابق  موجودہ درجہ حرارت32 ، زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب  محکمہ موسمیات کے مطابق عیدالاضحٰی کے دن ملک بھر میں موسم گرم رہے گا لیکن عید کے بعد بارش کا امکان ہے۔  جون کے آخر میں بھی بارش کے دو سلسلے ملک میں داخل ہوں گے۔ پاکستان میں مون سون وقت سے پہلے بھی آسکتی ہے۔

خیال رہے کہ اس سال مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہے۔ حکام نے دریاؤں،ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر اطرف کی آبادیوں کو احتیاط کا انتباہ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری، اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بارش کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہونے کی نوید سنائی گئی ہے۔

 خیبرپختونخوا کے اکثر بالائی حصوں میں بارش متوقع ہے، بالائی پنجاب میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،میر پورخاص، تھرپارکر، بدین اور عمر کوٹ میں بارش جبکہ خضدار، لسبیلہ اور آواران میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، گلیات، راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، چکوال اور جہلم میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے علاقے  گجرات، میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، ننکانہ صاحب، لاہور، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، وزیر آباد، سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ میں بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ  ڈیرہ اسماعیل خان، تونسہ، لیہ، راجن پور، دیر، سوات، مالاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، چترال، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں بھی بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں