پنجاب حکومت گرین ٹریکٹر سکیم لانچ کرنے کے لئے  مکمل تیار

13 Jun, 2024 | 01:50 AM

 حکومت پنجاب  " گرین ٹریکٹر" سکیم شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، جس کا مقصد کسانوں کو زرعی شعبے میں میکانائزیشن کو فروغ دینے کے لیے رعایتی نرخوں پر چھوٹے، درمیانے اور بڑے ٹریکٹر فراہم کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر گرین ٹریکٹرز سکیم کے تحت کسانوں کو ٹریکٹر کی خریداری کے لئے سبسڈی دینے کا یہ منصوبہ ایک سال کے لیے ہو گا ۔ اس  سکیم کے تحت فراہم کیے جانے والے تمام ٹریکٹروں کے لیے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔

پنجاب کے وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے منگل کو ایک جائزہ اجلاس کے دوران گرین ٹریکٹر سکیم کےآغاز کے متعلق  اعلان کیا، جس میں ٹریکٹر بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریکٹروں کی ترسیل سمیت اسکیم کے ہر مرحلے کو مکمل طور پر میکانائز کیا جانا چاہیے۔

سید عاشق کرمانی نے متنبہ کیا کہ میکانائزیشن کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے میں ناکامی اس پہل کاری کو غیر موثر بنا دے گی۔ انہوں نے اس منصوبے میں پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کا وعدہ کیا۔

گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت مریم نواز حکومت کسانوں کو ٹریکٹر کی خریداری کے لئے قیمت کا ستر فیصد تک سبسڈی فراہم کرے گی۔ ابتدا مین اس سکیم کے متعلق بیوروکریسی نے تجویز دی تھی کی فی ٹریکٹر چھ لاکھ روپے تک سبسڈی دی جائے لیکن وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس تجویز کو رد کر کے زیادہ سے زیادہ سبسڈی فراہم کرنے کی ہدایت کی جو اب ستر فیصد تک ہے۔ 

مزیدخبریں