ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے نئےمالی سال کو ملک اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال قرار دیدیا۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ نوجوان کی ترقی، کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، مایوسیوں کو مٹانا، ملک وقوم کی تعمیر، ترقی اورخوشحالی سے نیا اعتماد اور امید بحال کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا، صنعت، زراعت، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں تیزی سےترقی اور معاشی استحکام کا بجٹ ہے، بجٹ میں نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کے بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوان کا مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری اولین ترجیح ہے، آئی ٹی، زراعت اور صنعت میں کاروبارکے آغاز سے نوجوانوں کوپاکستان کی ترقی کا معمار بنانا ہے، نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، چھوٹے اور رعایتی قرض دے رہے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کے لیے بجٹ میں آئی ٹی کاروبارمیں ٹیکس کی چھوٹ دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2 ہزار ارب روپے سے زائد کسان پیکج سے زراعت اورکسان کی بہتری کا سفر مزید تیز ہوگا، بجٹ کے ذریعے زرعی شعبے کےلیے مراعات جاری رکھیں گے، ان اقدامات سے غذائی تحفظ حاصل ہوگا، نوجوانوں کو زرعی ترقی میں حصہ داربنارہے ہیں، کسانوں، نوجوانوں کو زرعی اورکاروباری قرضوں سے کسان، نوجوان اورپاکستان خوشحال ہوں گے۔