فلم، اسٹیج، ٹی وی ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عاصمہ بٹ سمیت جڑواں شہروں کے فنکاروں نے وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فلم فنانس فنڈ کے لیے 2 ارب روپے اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے جانے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
گزشتہ روز عاصمہ بٹ نے مریم اورنگزیب سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ حقیقی لیڈر شپ وہی ہوتی ہے جو عوامی مسائل سمجھے اور انہیں حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔ عاصمہ بٹ نے مریم اورنگزیب کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کی کاوشوں پر انھیں خراج تحسین پیش کیا۔
عاصمہ بٹ نے مریم اورنگزیب سے تحریک انصاف کے دور حکومت میں فنکار طبقہ کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کا تذکرہ بھی کیا۔ جس پر وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے فنکاروں کے مسائل حل کرنے اور سابق دور حکومت میں فنکار طبقے سے کی جانے والی حق تلفی کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
عاصمہ بٹ نے مزید کہا کہ مریم اورنگزیب ہمارا مان ہیں۔ ان کا تعلق خطہ پوٹھوہار سے ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ایک ہی علاقہ اور جماعت سے وابستہ ہونے کے ناطے وہ اپنے گھر سے شروع کرتے ہوئے فنکاروں کے روشن مستقبل کے لیے ایک مضبوط ستون ثابت ہوں گی۔