مانیٹرنگ ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کی بحالی کے فیصلے کو معطل کردیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سیکریٹری قومی اسمبلی کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔ عدالت نے تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے ارکان کی بحالی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین سے 21 جون تک جواب طلب کرلیا۔
پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی بحالی سے متعلق درخواست میں فواد چوہدری ، شاہ محمود قریشی ، حماد اظہر سمیت 61 مستعفی اراکین اسمبلی، اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت بھی کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر پی ٹی آئی کے 123 اراکین قومی اسمبلی نے استعفیٰ دیئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے11 ارکان کے استعفے 28 مئی کو منظور کیے جبکہ باقی ارکان کے استعفے قانون کے مطابق 17 جنوری کو مںظور کیے گئے۔
درخواست کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے قانون کے برعکس 19 مئی کو ارکان کی بحالی کا فیصلہ دیا لہٰذا عدالت انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے فیصلہ کالعدم قرار دے۔ لاہور ہائی کورٹ نے فریقین سے 21 جون تک جواب طلب کرلیا۔