(ملک اشرف)ایف ایس سی اور آئی سی ایس کے طلبہ کے پرائیویٹ داخلے بھجوانے پر پابندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا،عدالت نے چئیرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور اور انٹر بورڈ کمیٹی کو تین روز میں فیصلے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی۔
تفصیلات کےمطابق جسٹس مزمل اختر شبیر نے میاں عبدالمتین ایڈوکیٹ کی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ میٹرک اور ایف اے کے طلبہ پر پرایئویٹ داخلہ بھجوانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
ایف ایس سی اور آئی سی ایس کے طلبہ پر پرائیویٹ داخلے بھجوانے پر پابندی ہے،حو امتیازی سلوک ہے،ایف ایس سی اور آئی سی ایس کے طلبہ کے لئےکالجز کے ذریعے داخلے بھجوانا لازمی قرار دیا گیا ہے، کالجز میں داخلے لینا پرائیوٹ امیدواروں کی مجبوری بن چکا ہے۔جس کے لئے بھاری فیس برداشت کرناپڑی ہے۔
درخواست گزار وکیل کے مطابق چئیرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور اور انٹر بورڈ کمیٹی کو درخواستیں دیں،شنوائی نہیں ہوئی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ایف ایس سی اور آئی سی ایس کے طلبہ کے پرائیویٹ داخلے بھجوانے پر پابندی کا اقدام کالعدم قرار دے۔