پولیس ملازمین کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ

13 Jun, 2022 | 09:33 AM

ویب ڈیسک: آئی جی سندھ نے پولیس ملازمین کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس ملازمین کی رہائش گاہوں اور پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کا معاملہ حل ہونے کے قریب ہے۔اس سلسلے میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بتایا کہ سب سے پہلے افسران و اہل کاروں کی رہائش کے مسئلے پر کام کیا جا رہا ہے، اہل کاروں کی اپنی رہائش ہوگی تو پولیس سکون سے کام کر سکے گی، انھوں نے کہا کہ رہائش کے مسئلے کے حل کے لیے وہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے محکمے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے زیر التوا معاملات اور اسکیموں پر کام کے حوالے سے کہا کہ ملازمین کے لیے ایسی اسکیم بنا رہے ہیں جس میں زیادہ سے زیادہ گھر بن سکیں، اقساط والی اسکیم بھی لائی جا رہی ہے، تاکہ پولیس ملازمین سہولت سے ذاتی گھر بنا سکیں۔

غلام نبی میمن کے مطابق پولیس ملازمین کے لیے ہیلتھ کارڈ کی سہولت بھی لائی جا رہی ہے، جس کے تحت افسران و اہلکار پرائیویٹ اسپتال میں علاج کروا سکیں گے، اس میں میڈیکل کارڈ کی حد 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سول سرونٹ والی سہولیات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، اس وقت سندھ پولیس کے بجٹ کا 85 فی صد تنخواہوں میں چلا جاتا ہے۔

 
 

مزیدخبریں