ویب ڈیسک:پہاڑوں کی چوٹیاں تنہا سر کرنے والا کلائمبر عمران علی جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مشہور اور باصلاحیت راک کلائمبر عمران علی ہزارہ کوہ مردار سے گر کر جاں بحق ہو گئے، خاندانی ذرائع نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران علی کوہ مردار پر معمول کی کلائمبنگ پریکٹس کرنے گئے تھے، پہاڑی پر کلائمبنگ کرتے ہوئے عمران علی اونچائی سے گر گئے۔راک کلائمبر عمران علی ہزارہ 360 وال کو عبور کرنے کے دوران اونچائی سے گرے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ان کی موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
جوان کوہ پیما کی لاش عملدار روڈ منتقل کر دی گئی ہے، عمران علی راک کلائمبنگ میں اپنی پہچان بنانا چاہتے تھے، اور ان کی خواہش تھی کہ پاکستان کی تمام چوٹیاں سر کر لیں۔
36 سالہ عمران علی کوئٹہ کے رہائشی تھے، ان کا تعلق بلوچستان کے ہزارہ قبیلے سے ہے جو ماڑی آباد میں رہائش پذیر ہے، گزشتہ برس سوشل میڈیا پر ان کی راک کلائمبنگ کی ایک خطرناک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ چار شاخ پہاڑ پر چڑھ رہے تھے، اس پر انھیں نوٹس بھی ملا تھا۔
واضح رہے کہ پہاڑی چٹانوں پر چڑھنا ایک انتہائی مشکل اور خطرناک کھیل سمجھا جاتا ہے، اس میں کلائمبر کھڑی چٹانوں کو سر کرتے ہیں اور وہ بھی اکثر کسی حفاظتی ساز و سامان کے، اس لیے گرنے کی صورت میں 99 فی صد موت ہی کا امکان ہوتا ہے۔