جیل روڈ (زاہد چودھری، راؤ دلشاد) کورونا کے بعد ڈینگی تشخیص کی سہولت بھی بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ناپید، ڈینگی کے مشتبہ مریض تو ہسپتالوں میں آرہے ہیں لیکن ان کی تشخیص نہیں ہورہی، اب تک ڈینگی بخار کے تمام مریضوں کی تصدیق پرائیویٹ لیبارٹریز سے ہوئی ہے۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کی عدم توجہی کے باعث شہر کے بڑے ٹیچنگ ہسپتال ڈینگی وائرس کی تشخیصی سہولت سے محروم ہیں، کوروناٹیسٹ کی سہولت تو ٹیچنگ ہسپتالوں میں پہلے ہی دستیاب نہیں تھی، اب ڈینگی وائرس کی تشخیص کا الائزا ٹیسٹ اور این ایس ون ٹیسٹ کی سہولت بھی میسر نہیں ہے، ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینگی بخار کے مشتبہ مریض روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہورہے ہیں لیکن ان کی تشخیص نہیں ہورہی۔
علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد نے ڈینگی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، گلشن راوی میں ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر دو افراد کے خلاف مقدمات درج کرادیئے گئے، اسسٹنٹ کمشنر نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق یو سی 81 میں کنسٹرکشن سائٹ سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پرایک شخص کو گرفتار کر کے ایف آئی آر کا اندراج کرادی گئی، الیاس دنبہ کڑاہی اینڈ تکہ ہوٹل پر ڈینگی لاروا برآمد ہو نے پر ایک شخص کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرایا گیا۔