( شہزاد خان ابدالی ) کاروباری ہفتے کے اختتام تک شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا، ہفتہ بھر کے دوران صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونا 1200 روپے مزید مہنگا ہوگیا، سونے کے نرخ مزید بڑھنے پر شہریوں اور جیولرز برادری نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے اختتام تک شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونا 1200 روپے مزید مہنگا ہونے کے بعد خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونے کے نرخ 98200 تک پہنچ گے۔ اسی طرح بائیس قیراط فی تولہ سونا 90016 روپے کا ہوگیا ہے۔
سونے کی قیمتوں مین مزید اضافے پر شہر کی جیولرز برادری اور صارفین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جیولرز کہتے ہیں کہ سونے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں نے سونے کی تجارت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ سیل نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
اس حوالے سے خواتین صارفین بھی پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سونے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سونا متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہوگیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے ہفتے میں پانچ روز کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرکے کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کے احکامات ہیں، مگر انارکلی بازار اور ہال روڈ مارکیٹ میں عارضی سٹالز ہولڈرز نے حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑا دیں۔
لاک ڈاؤن کے باوجود عارضی سٹالز سجائے رکھے، انارکلی میں سجائے گے عارضی سٹالز پر کپڑے، جوتے، شرٹس، ریڈی مید گارمنٹس سمیت دیگر اشیائے فروخت کی گئیں جبکہ ہال روڈ پر موبائل فون اسسریز کے سٹالز پر بھی گاہکوں کا رش رہا اور متعلقہ پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔