(مانیٹرنگ ڈیسک) عاطف اسلم سمیت متعدد گلوکاروں کے لیے نغمے لکھنے والے معروف نغمہ نگار شکیل سہیل 55 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
شکیل سہیل نے ملک کے معروف اور ابھرتے ہوئے گلوکاروں کے لیے متعدد نغمے لکھے اور انہوں نے کمرشل بنیادوں پر بھی مختلف کمپنیز کی تشہیر کیلئے خصوصی گیت بنائے، شکیل سہیل نے نہ صرف ابھرتے ہوئے گلوکاروں کے لیے نغمے تیار کیے بلکہ انہوں نے متعدد فلموں کے لیے بھی گیت لکھے اور ان کے گانوں کو بہت سراہا بھی گیا، شکیل سہیل نے ماہرہ خان کی فلم سپر اسٹار کے گانے غلط فہمی اور فلم پرواز ہے جنون کے گانے تھام لو بھی لکھا تھا۔
انہوں نے ان کے علاوہ بھی دیگر فلموں کے لیے گانے لکھے اور بعض نغمہ نگاروں کے ساتھ مشترکہ گانے بھی لکھے، شکیل سہیل کے بھتیجے گلوکار شلوم سرفراز نے ان کی عاطف اسلم کے ساتھ پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کے چچا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
انہوں نے شکیل سہیل کو اچانک دل کا دورہ پڑنے کے حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی اور نغمہ نگار کی موت کو پاکستانی میوزک انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا۔
نغمہ نگار کی موت پر عاطف اسلم، اداکارہ ماہرہ خان سمیت شوبز و میوزک انڈسٹری سے وابستہ دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
شکیل سہیل کی موت سے ایک روز قبل ہی معروف اداکار طارق ملک بھی دل کے عارضے کے باعث انتقال کر گئے تھے، طارق ملک نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے معروف ڈرامے گیسٹ ہاؤس میں ویٹر مراد کا کردار ادا کیا تھا اور انہیں اسی کردار سے کافی شہرت بھی ملی تھی۔