ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا افراد کیلئے افسوسناک خبر

13 Jun, 2019 | 09:59 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چوہدری ) پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیص کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت صوبہ بھر کیلئے بند ہوگئی، رواں مالی سال میں پی سی آر ٹیسٹ کیلئے کٹس ہی نہیں خریدی گئیں۔

صحت کا شعبہ بروقت فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے مسائل سے دوچار ہے، تبدیلی سرکار کی ناقص پلاننگ کی وجہ سے ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیص کیلئے پی سی آر ٹیسٹوں کی سہولت بند ہوگئی ہے۔ پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت محکمہ پرائمری ہیلتھ میں قائم پی سی آر لیب پانچ ماہ سے کٹس ختم ہونے کی وجہ سے بند پڑی ہے، لیب کی بندش کی وجہ سے لاہور سمیت صوبے بھر سے ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیص کیلئے مریضوں کے خون کے جو نمونے بھجوائے جارہے ہیں ان کا ٹیسٹ نہیں کیا جارہا۔

ذرائع کے مطابق سابقہ حکومت کے دور میں خریدی گئی پی سی آر کٹس کے ذریعے دسمبر 2018 تک پی سی آر لیب میں ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی جاتی رہی جس کے بعد سے مشکلات کا سامنا ہے اور اب لیب کو مکمل بند کر دیا گیا ہے۔ پی سی آر ٹیسٹ نہ ہونے کے باعث ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریض بروقت علاج کی فراہمی سے محروم ہیں۔

اس سے قبل ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام رواں برس ہیپاٹائٹس کی ادویات خریداری میں بھی ناکام رہا ہے اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ سے ادویات ادھار لے کر کام چلایا جارہا ہے۔

مزیدخبریں