( شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کی نوید سنا دی، احسان مانی کہتے ہیں بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات برابری کی بنیاد پر چلائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کرکٹ شائقین کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے، چیئرمین پی سی بی کہتے ہیں کہ پی ایس ایل 5کے تمام میچز پاکستان میں کروائے جائیں گے۔ قذافی سٹیڈیم میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کیلئے لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی کے وینیوز شارٹ لسٹ ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے تمام میچز پاکستان میں کروائے جائیں گے تاہم بھارت کی طرح ایونٹ دبئی میں کروانے کا آپشن بھی موجود ہے جبکہ بھارت کے ساتھ کرکٹ روابط برابری کی بنیاد پر بحال ہوں گے۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کو ورلڈ کپ تک نہ چھیڑنے کا فیصلہ کیا تھا میگا ایونٹ کے بعد ان کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لے کر ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔