( علی اکبر ) مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کیلئے منع کیا گیا تھا لیکن سپیکر پنجاب اسمبلی کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے پروڈکشن آرڈر جاری کئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے قبل اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق حمزہ شہباز کے پروڈکشن آرڈر کیلئے سپیکر کو منع کیا گیا تھا لیکن اس کا کریڈٹ سپیکر پنجاب اسمبلی کو جاتا ہے جنہوں نے پروڈکشن آرڈرجاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کا بجٹ عجیب پیش کیا گیا ہے۔ عمران خان نے شب خون تقریر کی ہے، اس میں اپوزیشن اور اپنے مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کی بات کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کا احتساب سیل نیب کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عمران خان خود ٹیکس ادا نہیں کرتے اور لوگوں کو ٹیکس دینے کی تلقین کرتے ہیں۔