شہبازشریف کا احتساب عدالت سے شکوہ

13 Jun, 2019 | 01:14 PM

Sughra Afzal

(یاور ذوالفقار) احتساب عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز اور گواہوں کو شہادتوں کیلئے طلب کرلیا، جبکہ خواجہ برادران کے کیس کی سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی، شہباز شریف نے بیان دیا کہ میری آشیانہ میں کوئی کرپشن نہیں پکڑی گئی۔

  احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل، رمضان شوگر ملز سمیت پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، عدالتی حکم پر شہبازشریف پیش ہوئے، عدالت نے استفسار کیاکہ حمزہ شہباز کہاں ہیں؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایاکہ حمزہ شہباز کو جسمانی ریمانڈ پر ہونے کے باعث پیش نہیں کیا گیا،عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت26 جون تک ملتوی کردی، آشیانہ اقبال کیس میں شہباز شریف نے کہا کہ میں نے قوم کے اربوں روپے بچائے، نیب قوم اور عدالت کا وقت ضائع کر رہا ہے، مجھے قوم کی خدمت کا صلہ بے بنیاد مقدمات کی صورت میں ملا۔

سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے احتساب عدالت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں کرپشن میں نے پکڑی اور مجھ پر ہی کیس ڈال دیا گیا۔

پیراگون سکینڈل میں خواجہ سعد رفیق پیش ہوئے، عدالت نے نیب تفتیشی سے پوچھا ریفرنس کی صاف کاپیاں کہاں ہیں؟ جس پر آگاہ کیا گیاکہ رپورٹ تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور جلد ہی عدالت میں پیش کردی جائے گی۔ عدالت نے تمام ملزمان کی حاضری لگائی اور ملزم فرحان علی اور ندیم ضیاء کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

 عدالت نے دونوں ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیدیا، میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ عمران خان کی حکومت سے آمریت کی بُوآ رہی ہے، عمران کو میں نے الیکشن میں شکست دی، وہ دھاندلی سے چند ووٹ زیادہ بنوا کر جیتا، ووٹوں کی گنتی کے وقت بھاگ گیا۔

عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی جبکہ آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں 29 جون کو شہباز شریف کو دبارہ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

دوسری جانب پیراگون سکینڈل کیس میں عدالت نے خواجہ برادران کو دوبارہ 27 جون کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں