رام پورہ گجر چوک ناکارہ سیوریج کے سبب پبلک ہیلتھ کے سنجیدہ مسائل کی آماجگاہ بن گیا

13 Jul, 2024 | 11:42 PM

فریحہ بتول:  واہگہ ٹاون کا علاقہ رام پورہ گجر چوک میں ناقص سیوریج نظام کی وجہ سے پبلک ہیلتھ کے سنجیدہ مسائل کی آماجگاہ بن گیا۔ 
گندا بدبو دار پانی مین سڑک اور گلیوں میں وافر مقدار میں جمع ہے،  علاقہ میں نکاسی کا کوئی سسٹم موجود نہیں،  گندا پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔
علاقے میں گندگی کے باعث بدبو اور تعفن پھیلا ہوا ہے اور باہر سے آنے والوں کے لئے یہاں چند منٹ کھڑا رہنا بھی محال ہوتا ہے۔ 

سیوریج کے گندے پانی میں جمعہ کے روز کی بارش کا پانی شامل ہونے سے مسئلہ دو چند ہو گیا ہے لیکن واسا اہلکاروں کو اب تک واہگہ ٹاؤن کے رام پورہ پر توجہ دینے کی فرصت نہیں ملی۔  

رام پورہ گجر  چوک کی خواتین نے بتایا کہ پورا سال ہو گیا ہے ہمارے علاقہ میں گندا پانی گلیوں میں جمع رہتا ہے، بارش سے پہلے بھی یہاں یہ ہی حال تھا۔ پانی نکلتا نہیں، ہمارے بچے گندگی کی وجہ سے بیمار رہتے ہیں یہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے کہ بچوں کی صحت برباد ہو رہی ہے۔

 خواتین نے بتایا کہ ہم نے خود پیسے جمع کر کے گٹروں کے مین ہول اونچے کروائے کہ شاید اس سے پانی باہر آ کر گلیوں میں جمع ہونا بند ہو جائے لیکن کوئی فرق نہیں پڑا۔

مردوں نے بتایاکہ سیوریج تباہ ہو چکا ہے، ہم نے بار بار درخواستیں کیں کہ اسے ٹھیک کیا جائے لیکن کسی صاحبِ اقتدار کو  کو ہماری سننے کی فرصت ہی نہیں ملتی۔


علاقے کی بدترین صورت حال سے تنگ آ کر اب مکین  احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ  سیوریج کا نظام درست کیا جائے، یہاں پر جمع گندا پانی فوری طور پر نکالا جائے اور  علاقے کی بہتری کیلئےاقدامات کئے جائیں۔



مزیدخبریں