پاکستان پیپلز پارٹی کی پنجاب میں سیاست؛ آصف علی زرداری خود نگرانی کریں گے

13 Jul, 2024 | 09:24 PM

حسن علی:  پاکستان پیپلز پارٹی کے مینٹور آصف علی زرداری نے پنجاب بھر میں پارٹی کی تنظیم نو اور نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
آصف علی زرداری نے اپنے حالیہ دورہ لاہور میں پارٹی قیادت کے آپس کے اختلافات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وسطی پنجاب کی قیادت میں شمار کئے جانے والے رہنماؤں کو  اپنے  اختلافات بھلا کر ساتھ چلنے کی ہدایات  کیں اور  پنجاب میں کمزورتنظیمی ڈھانچےاور  یوین کونسل کی سطح پر تنظیم نو میں سست روی پر سرزنش  کی۔

پریذیڈنٹ آصف علی زرداری نے پنجاب اور لاہور کے تمام عہدیداروں کو آگاہ کر دیا کہ وہ  پارٹی کے تمام امور کی خود مانیٹرنگ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ  میں   دس سال سے دیکھ رہا ہوں، اب خود تنظیمیں چلا کر دکھاؤں گا۔

کارکنوں کا اظہارِ مسرت

صدر آصف علی زرداری کے اس اعلان پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور کارکن امید ظاہر کر رہے ہیں کہ اب لاہور اور پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا اور پارٹی مؤثر انداز سے عوامی سیاست کرنے کی طرف آگے بڑھے گی۔

مزیدخبریں