وزیراعظم سے سینیٹر عرفان صدیقی کی ملاقات، ملکی مجموعی صورتِ حال پر گفتگو

13 Jul, 2024 | 09:02 PM

اویس کیانی : سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کے لیڈر اور قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے چئیرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مجموعی ملکی صورتِ حال، عوام کو درپیش مسائل اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے معاملات پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ حکومت، ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کے بارے میں چلائی جانے والی منظم مہم کا توڑ کرنے اور لوگوں کو حقائق سے آگاہ رکھنے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کو بھی میڈیا حکمت عملی زیادہ موثر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ ملک میں عدم استحکام اور بے یقینی پھیلانے والے عناصر کو بے نقاب کیاجانا چاہیے۔

وزیراعظم نے سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ایوان بالا کو جمہوری اقدار اور باوقار ماحول کے لئے تمام منتخب ایوانوں کی راہنمائی کرنی چاہیے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کو سینٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا چئیرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اُن کی سربراہی میں امور خارجہ کمیٹی دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت، پرامن اور تعمیری تشخص ابھارنے پر خصوصی توجہ دے گی۔ 

مزیدخبریں