طیب سیف : سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ، دونوں راہنماؤں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں راہنماؤں کے درمیان آئین اور قانون کی بحالی کی تحریک پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا، اور سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر مبارکباد دی ۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ فارم 45 کی بنیاد پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی حقداروں کو واپس ملنی چاہئیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے امیر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔ پاکستان میں آئین کی بالادستی کے لیے سپریم کورٹ کے ججز کا نام تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی آزادی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔