سٹی42: کیبنیٹ کمیٹی برائے امن و امان کے ڈویژنز کے دورے جاری ، محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کیلئے کمیٹی راولپنڈی پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں کابینہ کمیٹی برائے امن وامان راولپنڈی پہنچ گئی ۔خواجہ سلمان رفیق نے کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن اور بلال اکبر خان، معاون خصوصی ذیشان ملک ، سیکرٹری داخلہ نورالامین مینگل اور آئی جی ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ڈی آئی جی سپیشل برانچ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اجلاس میں کمشنر راولپنڈی عامرخٹک اور آر پی او بابر سرفراز الپا نے انتظامات پر بریفنگ دی۔
راولپنڈی ڈویژن میں تمام 3958 مجالس اور714 جلوسوں کے انتظامات مکمل ہیں۔ کمشنر نے بتایا کہ راولپنڈی میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کو ایک ہزار سے زائد کیمروں سے مانیٹر کر رہے ہیں۔
دوسری جانب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محفوظ محرم الحرام کیلئے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر من وعن عملدرآمد لازمی ہے، پنجاب کے تمام ڈویژنز میں انتظامات دیکھ چکےہیں ، عاشورہ کیلئے بھرپور تیاری کی گئی ہے۔