وسیم احمد:فاسٹ بولر نسیم شاہ کو دی ہنڈرڈ کے لیے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر کو ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت این او سی جاری نہیں کیا، نسیم شاہ نے این او سی کے لیے درخواست دی تھی جس کے جائزے کے بعد فیصلہ کیا گیا۔
نسیم شاہ گزشتہ سال فٹنس مسائل سے دو چار ہوئے تھے اور اب پاکستان ٹیم کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم میچز ہیں۔ تینوں فارمیٹ کے فاسٹ بولر کو احتیاطی تدابیر کے طور پر این او سی جاری نہیں ہوا اور اس حوالے سے نسیم شاہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ کا دی ہنڈرڈ میں برمنگھم فونکس کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا، وہ ایک لاکھ 25 ہزار پاؤنڈز کی مہنگی ترین کیٹگری میں شامل تھے۔ نسیم شاہ کا معاوضہ پاکستانی روپے میں لگ بھگ ساڑھے چار کروڑ روپے بنتا ہے۔