افشاں رضوان: فیروز پور روڈ جمعہ کےروز بارش سے وینس بن گیا۔ لٹن روڈ، قرطبہ چوک اور دیگر ملحقہ علاقے بارش کے پانی سے بھر گئے اور لہوریوں کو کچھ خرچ کئے بغیر وینس کی سیر کرنے کی سہولت مل گئی۔ بارش کا پانی بڑوں کے لئے مصیبت بنا رہا لیکن بچے اس پانی میں نہاتے رہے اور خوب مزے کرتے رہے۔
واسا نے اس اہم شاہراہ پر بارش کا پانی نکالنے کے لئے کوئی کوشش نہیں کی۔ بارش کا پانی جن نشیبی علاقوں مین زیادہ تھا وہاں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہو رہی تھیں جس کے سبب عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
صبح سویرے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش تو کچھ دیر بعد رک گئی لیکن سڑک پر بارش کا پانی شام تک جوں کا توں دکھائی دیا۔ ٹریفک کے اہلکار سڑک پر ٹریفک کو چالو رکھنے کے لئے دن بھر کوشش کرتے رہے۔ ٹریفک والوں کے سوا کسی سرکاری ادارہ کے اہلکار سڑک پر دکھائی نہیں دیئے۔