اگست میں معاملات نگران حکومت کے سپرد کر دیں گے، وزیراعظم شہبازشریف کا قوم سے خطاب

13 Jul, 2023 | 07:09 PM

سٹی42: وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ اپریل 2022 کو ہم نے ذمہ داری سنبھالی تھی، اگست2023 کو اقتدار نگران حکومت کے حوالے کر دیں گے،ملک کی بھلائی اور خدمت کا فریضہ اپریل 2022 میں سونپا گیا۔

  15 ماہ میں 4 سال کی بربادیوں کا ملبہ صاف کیا،  گزشتہ 4 سال کے دوران بچھائی گئی بارودی سرنگوں کوصاف کیا،کرپشن، نالائقی اور سازشوں کی لگی آگ کو بجھایا،ہمارا سوا سال کا مختصر عرصہ ناامیدی سے امید کی طرف سفر تھا،معاشی تباہی سے معاشی استحکام کی طرف لوٹ آنے کا سفر تھا،مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کاسفر تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یہ باتیں قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنے ووٹ بینک کی فکر نہیں کی اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافے کی فکر کی، ہم ملکی معیشت کی بحالی میں مصروف تھے اور کچھ لوگ ملک کو ناکام بنانے میں مصروف تھے، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ اور اُن کی ناپاک سازش مٹی میں مل چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے، ملکی معیشت کی بحالی کیلئے جامع پروگرام بنا لیا گیا ہے۔ ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام کا کام شروع کر دیا گیاہے، وطن دشمن کی سازشوں کے باوجود ہم نے ہمت نہیں ہاری۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب ہمارے سامنے ایک ہی راستہ ہے کہ کشکول توڑ دیں، مقروض ہونا چھوڑ دیں، پوری قوم یکسو ہے کہ قرض کی زندگی نا منظور ہے۔ ہم مقروض رہنا چھوڑ دیں،محتاجی کی رنجیریں توڑدیں، 9 مئی جیسا یوم سیاہ قوم کی زندگی میں دوبارہ نہ آئے، اب قرض کی زندگی نا منظور ہے، آئیں نفرتیں مٹائیں،محبتیں تقسیم کریں، ایک قوم ہوجائیں۔

قبل ازیں ملتان میں یوتھ لون پروگرام سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام پر خوشی کے شادیانے نہیں بجانے ، آئی ایم ایف پروگرام حلوہ یا کھیر نہیں، شرائط بہت کڑی اور سخت ہیں اور ہم نے تمام شرائط مانی ہیں۔ معاشی استحکام کے لیے آئی ایم ایف سے قرضہ ناگزیر تھا، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے۔

ملتان میں نشتر ٹو ہسپتال کے دورہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کندھوں پر بٹھا کر اقتدار میں لایا گیا، گزشتہ 4 سال پی ٹی آئی حکومت نے برباد کر دیئے، پچھلی حکومت نے چور ڈاکو کی گردان کے سوا کوئی کام نہیں کیا،پی ٹی آئی نے منصوبے کیلئے فنڈز فراہم نہیں کئے،انتقامی سیاست کی وجہ سے انسانی خدمت کے پروجیکٹس کو روکا گیا۔

500 بستروں پر مشتمل زیر تعمیر نشتر 2 اسپتال کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد وزیرِ اعظم ملتان میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں میں چیکس اور طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کے لئے گئے۔

مزیدخبریں