(مانیٹرنگ ڈیسک) پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث امریکا میں الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک چوتھائی امریکی شہری پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند ہیں۔
امریکن آٹو موبائل ایسوسی ایشن کے ایک سروے میں 30 فیصد افراد نے کہا کہ وہ ایک الیکٹرک گاڑی خریدنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔الیکٹرک گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند 77 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ ایسا ایندھن کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے کریں گے۔
اس سے قبل آخری بار اس طرح کا سروے 2019 میں ہوا تھا جس میں صرف 16 فیصد امریکی شہریوں نے الیکٹرک گاڑی خریدنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ امریکا میں 2021 میں فروخت ہونے والی گاڑیوں میں سے صرف 3.2 فیصد بجلی پر دوڑنے والی تھیں۔
مگر اس نئے سروے سے عندیہ ملتا ہے کہ لوگوں میں الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے دلچسپی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے جبکہ ان کی فروخت بھی بڑھ گئی ہے۔اس وقت امریکا میں الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں کمپنیوں کی جانب سے 500 ارب ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران خام ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے لوگوں کو الیکٹرک گاڑیوں کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں جون میں پیٹرول کی قیمت ریکارڈ 5.02 ڈالرز فی گیلن تک پہنچ گئی تھی اور ابھی 4.66 ڈالرز فی گیلن کے قریب ہے۔