در نایاب, قیصر کھوکھر: لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بڑی عید کے لیے صفائی کا بڑا پلان جاری کردیا، شہر بھر میں 119 کولیکشن پوائنٹس قائم جبکہ عید کے تینوں دن کے لیے 3 ہزار 304پک اپس ویسٹ کولیکشن کریں گی۔
ایل ڈبلیو ایم سی کے پلان کے مطابق 330ایکسکیویٹرز، 266ٹرالیاں، 185 لوڈرز اور 1022 ڈمپرز عید کے دنوں میں ویسٹ اٹھائیں گے۔ راوی ٹاؤن میں 359،شالیمار 377، واہگہ ٹاؤن 258، عزیزبھٹی ٹاؤن 289 اور داتاگنج بخش ٹاؤن میں 427 پک اپس تعینات کی جائیں گی۔گلبرگ ٹاؤن میں 292،سمن آباد 309، علامہ اقبال ٹاؤن میں 505، نشتر ٹاؤن 454اور رنگ روڈ کے لیے 34پک اپس آؤٹ سورس کر لی گئی ہیں۔ 119کولیکشن پوائنٹس میں 3 ہزار 570ٹینٹس اور 290 عید کیمپس لگائے جائیں گے جبکہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے لیے شہر کے 9 ٹاؤنز میں 15لاکھ ویسٹ بیگز تقسیم کیے جائیں۔
پلان کے مطابق شہر کی صفائی اور آرائش کے لیے چونے اور فنائل کا استعمال کیا جائے گا۔سی ای او رافعیہ حیدر کا کہنا ہے کہ بطور آپریشنل کمپنی ایل ڈبلیو ایم سی کی یہ پہلی عید ہوگی،کامیاب بنانے کے لیے ہر وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے گزراش ہے کہ آلائشوں کو ویسٹ بیگز میں ڈال کر کنٹینرز میں ڈالیں یا عملے کے حوالے کریں۔
دوسری جانب محکمہ بلدیات نے عید پر صفائی انتظامات کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو تازہ ہدایات جاری کی ہیں، محکمہ بلدیات نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا پلان مانگ لیا ہے۔ صفائی مہم کی نگرانی کے لئے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈاریکٹرز کی ڈیوٹی لگا دی ہے، ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز عید پر تمام بلدیاتی اداروں کے دورے کریں گے۔ بلدیاتی اداروں کی صفائی مہم کے متعلق رپورٹ دیں گے، اس سلسلے میں محکمہ بلدیات نے تمام بلدیاتی اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔