جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین سے اعصابی بیماری کا خطرہ

13 Jul, 2021 | 02:16 PM

 ویب ڈیسک: امریکی ریگولیٹری فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے)  نے کورونا وائرس کی ویکسین جانسن اینڈ جانسن کے انتباہی لیبل کو ازسر نو جاری  کیا ہے جس میں  اعصابی بیماری گیلین بیری سینڈروم میں مبتلا ہونے کے خطرے میں اضافے کی معلومات شامل کی گئی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ ویکسین کی خوراکیں لینے والے 100 افراد میں گیلین بیری سینڈروم کی تشخیص ہوئی۔ان میں سے 95 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت ہے جبکہ ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔گیلین بیئر سینڈروم ایک اعصابی بیماری ہے جس میں جسم کا مدافعتی نظام اعصابی خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے جو پٹھوں کی کمزوری اور بہت سے سنگین کیسز میں فالج کا بھی سبب بن سکتا ہے۔

امریکہ میں یہ مرض ہر سال 3 ہزار سے 6 ہزار افراد کو متاثر کرتا ہے اور بہت سے مریض اس سے شفایاب بھی ہو جاتے ہیں۔ اگر کسی کو کمزوری یا جسم کے حصے خصوصاً ہاتھ اور پیر سُن ہوتے محسوس ہوں تو اسے فوراً طبی امداد کے لیے رجوع کرنا چاہیے کیونکہ یہ حالت بگڑ بھی سکتی اور جسم کے دیگر حصوں تک بھی پھیل سکتی ہے۔ 

مزیدخبریں