سٹی 42: کینسرکے مرض میں مبتلا ہاکی اولمپیئن نوید عالم انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوید عالم کی گزشتہ رات شوکت خانم ہسپتال میں کیموتھراپی ہوئی تھی، ان کی بیٹی کا کہنا ہے کہ کیموتھراپی کے بعد نوید عالم کی طبعیت بگڑگئی تھی۔ نوید عالم کی عمر47 سال تھی جبکہ نوید عالم 1994کےسڈنی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے رکن تھے۔
کینسر کے مرض میں مبتلا ہاکی اولمپئین اور ورلڈ کپ 1994 ء کی فاتح ٹیم کے رکن نوید عالم نے کہا تھا کہ انہیں کہیں نہیں جانا، وہ اپنا علاج پاکستان میں ہی کروائیں گے ۔ شوکت خانم اسپتال نے اخراجات کا تخمینہ 40 لاکھ بتایا تھا جس کے بعدسندھ حکومت نے اور پھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی سابق ہاکی اولمپیئن نوید عالم کے مکمل اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا تھا ۔
نوید عالم اولمپکس، چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز سمیت بے شمار ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے تھے جبکہ وہ پاکستان ہاکی ٹیم، چین ہاکی ٹیم اور بنگلا دیش ہاکی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے تھے۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر ، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ اورچئیرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی منظور جونیئر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اولمپین نوید عالم کی وفات پاکستان ہاکی کے لئے صدمہ ہے۔ نوید عالم ایک اچھے ساتھی اور بہترین ہاکی کھلاڑی تھے ۔ پاکستان ہاکی کا ایک اور ستارہ ہم سے بچھڑ گیا۔
اللہ پاک مرحوم کے اہل خانہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف 4 ٹیمز ہاکی سیریز کے سلسلہ میں منعقد ہونے والے آج کے میچز اولمپین نوید عالم کے انتقال کے سوگ میں منسوخ کردیئے ہیں۔ آج کے میچز کل کو ری شیڈول کردیئے گئے ہیں۔