(مانیٹر نگ ڈیسک) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی ریاست اتر پردیش اور مشرقی راجستھان میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 38 افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راجستھان میں واقع 12 ویں صدی میں تعمیر کردہ 'آمیر قلعہ' پر تصویر بناتے ہوئے 11 افراد پر بجلی گری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ اسی ریاست میں علیحدہ واقعات پیش آنے کی وجہ سے 9 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حکومتی ترجمان کے مطابق ریاست اتر پردیش میں آسمانی بجلی کی زد میں آکر 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں بیشتر افراد کا تعلق مزدور طبقے سے تھا۔بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کیلیے مزید آسمانی بجلی گرنے سے متعلق عوام کو خبردار کردیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بجلی گرنے سےہونے والی ہلاکتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اتر پردیش میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس دو لاکھ جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
حکومتی رپورٹس کے مطابق سال 2019 میں آسمانی بجلی کے باعث تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے، تین برس قبل 2018 میں انڈیا کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں صرف 13 گھنٹے کے دورانیے میں آسمانی بجلی گرنے کے 36749 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔