سول سیکرٹریٹ (قیصر کھوکھر،رضوان نقوی) مدارس میں بھی کورونا ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا، جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کر دیا گیا، 700 طلبا و اساتذہ کو ویکسین لگائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے جامعہ نعیمیہ میں کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا افتتاح کیا، جامعہ نعیمیہ کے ایک ہزار800 میں سے 18 سال سے زائد عمر کے 700 طلبہ و اساتذہ کی ویکسی نیشن کی جائے گی، ڈی سی لاہور نے ویکسی نیشن کے فوائد سے آگاہ کیا۔
علمائے کرام کا کہنا ہے کہ علاج کروانا سنت نبوی ہے، شہری افواہوں پر کان نہ دھریں، جامعہ نعیمیہ نے ویکسی نیشن سنٹر کیلئے حکومت سے خود درخواست کی تھی۔ جامعہ نعیمیہ ویکسی نیشن کی افادیت سے متعلق فتویٰ بھی جاری کرچکا ہے۔
علاوہ ازیں کوروناویکسی نیشن نہ کروانے والے سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام محکموں کے سیکرٹریوں کو ویکسی نیشن کے معاملے کو ذاتی طور پر دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو ملازمین ویکسی نیشن نہیں کرواتے ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے تمام محکموں کو یہ ہدایات نامہ جاری کر دیا ہے۔
علاوہ ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سیکرٹریز سے ویکسی نیشن کروانے والے ملازمین کا ڈیٹا مانگ لیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری نے سرکاری ملازمین کو عید سے قبل ویکسین لگوانے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق ابھی تک 71 فیصد سرکاری ملازمین خود کو ویکسینیٹ کروا چکے ہیں، ویلفیئر ونگ کے ذریعے ویکسی نیشن کروانے والے ملازمین کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔ارم بخاری کا کہنا تھا کہ سرکاری امور کو بہتر طریقے سے جاری رکھنے کیلئے تمام ملازمین کی ویکسی نیشن نا گزیر ہے۔