(رضوان نقوی) لاہور کی 7 فلور ملز حکومت پنجاب کو کروڑوں روپے کا چونا لگانے میں ملوث نکلیں,اینٹی کرپشن نےمحکمہ خوراک سے رمضان پیکج کے تحت سستی گندم خرید کر مہنگے داموں فروخت کرکے سرکار کو 3کروڑ 55لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے والی لاہور کی 7فلور ملز کی نشاندہی کرلی۔
لاہور کی 7 فلور ملز حکومت پنجاب کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے میں ملوث نکلیں، اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کی ٹیم نےمحکمہ خوراک سے رمضان پیکج کے تحت سستی گندم خرید کر مہنگے داموں فروخت کرنے والی فلورملز کے خلاف انکوائری کی۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے شہر کی 64فلور ملز کا ریکارڈ چیک کرکے شہر کی 7فلور ملز میں 3کروڑ 55لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کا سراغ لگالیا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن احمر سہیل کیفی نے بے ضابطگیوں میں ملوث فلور ملز سے فی الفور ریکوری کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل فضل الہی ,اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن اعتزاز منیر گوندل,سرکل آفیسر شاہد گجر شامل تھے-اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق شالیمار لنک روڈ پر واقع الرائی فلور ملز ایک کروڑ 17لاکھ ,فیروز پور روڈ پر واقع ایم ایس فیروز فلور ملز73لاکھ روپے کی بے ضابطگی میں ملوث نکلی۔ داتا دربار کے قریب واقع ناصر فلور ملز7لاکھ 75ہزار,شاہدرہ میں واقع وی آئی پی فلور ملز 30لاکھ 31ہزار ,مانگا روڈ پر واقع واز فلور ملز27لاکھ 80ہزار روپے ,سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع امپیریل فلور ملز44لاکھ روپے کی بے ضابطگی میں ملوث پائی گئی۔
اسی طرح رائیونڈ روڈ پر واقع سردار پور فلور ملز54لاکھ روپے کی بے ضابطگی میں ملوث نکلی، اینٹی کرپشن انکوائری کے مطابق فلور ملز نے سال 2018 میں رمضان پیکج کے تحت سستی گندم خرید کر مہنگے داموں بیچ دی، فلور ملز نے محکمہ خوراک کے افسران کی ملی بھگت سے نگران دور حکومت میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں کیں۔ ذرائع کے مطابق عوام تک رعائیتی نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانا ڈی سی لاہور کی ذمہ داری تھی۔ نگران سیٹ اپ میں ڈی سی لاہور کی آسامی پر سمیر احمد سید تعینات تھے-سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ فلور ملز بے ضابطگیوں کا معاملہ تاحال انکے علم میں نہیں-ان کا کہنا ہے کہ انہیں تاحال اینٹی کرپشن سے بھی اطلاع موصول نہیں ہوئی-اینٹی کرپشن کی انکوائری میں محکمہ خوراک کے افسران کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں میں غفلت کے مرتکب پائے گئے۔
فلور ملز نے حکومت سے سستے داموں گندم خرید کر سستا آٹاعوام تک پہنچانے کی بجائے گندم مہنگے داموں بیچ کر سرکاری خزانے کو 3کروڑ55لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔ حکومت نے رمضان میں عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے 100کلوگرام گندم کی بوری رعائیتی نرخوں پر 3200روپے کی بجائے 2ہزار روپے میں دی تھی۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے فلور ملز کے بجلی کے بلز سے پروڈکشن کا ریکارڈ مرتب کرکے بے ضابطگیوں کا سراغ لگایا-اینٹی کرپشن نے چار فلور ملز سے ایک کروڑ 35لاکھ روپے کی ریکوری کرلی ہے- الرائی فلور ملز,فیروز فلور ملز اور سردار پور فلور ملز کی انتظامیہ نے تاحال اینٹی کرپشن کو ادائیگی نہیں کی ہے۔
فلور ملز نے حکومت کو کروڑوں روپے کا چونا لگا دیا
13 Jul, 2020 | 05:51 PM