سٹی42: بینکوں، مالیاتی اداروں کے اوقات کار آج سےتبدیل، سوموار سے جمعرات تک بینک صبح 9 سے شام ساڑھے 5 بجے تک کھلیں گے، جمعہ کو بینک 9 سے ساڑھے 5 بجے تک کھلیں گے، 1سےاڑھائی تک وقفہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے بنکوں اور مالیاتی اداروں کے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام شیڈول بینک صبح 9 بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک کھلیں گے جبکہ جمعہ کے دن ایک بجے سے ڈھائی بجے تک کھانے اور نماز کی بریک ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سوموار سے جمعرات تک ڈیڑھ بجے سے دو بجے تک بریک ہو گی جبکہ تمام بینک ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے۔ بینکوں کے اوقات کار کورونا وائرس کے باعث 23 اپریل کو تبدیل کرکے کم کئے گئے تھے تاہم نئے اوقات کار کا اطلاق 13 جولائی سوموار آج سے ہوگا ہوگا۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام بینکوں کے اوقات کار تبدیل کر دیئے گئے تھے، پیر تا جمعرات بینک صبح 10 بجے سے 1:30 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے کھلے رہتے تھے اور جمعہ کے روز 10 سے 1 بجے تک بینکوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔
شہر میں کورونا کے مریض بتدریج کم ہورہے ہیں ، لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 10 مزید افراد موذی وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے۔ شہر میں اموات کی مجموعی تعداد 566 ہوگئی جبکہ 281 مزید افراد میں وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے ۔ کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 44810 ہوگئی۔
ترجمان محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے565 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ صوبے میں کورونا وائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد86,556 ہو گئی ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 21 مزید اموات ہوئی ہیں۔ کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد2006 ہو چکی ہے۔ اب تک589,523 افراد کے کوروناٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 55,175 ہو گئی ہے۔