مال روڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے ' ارطغرل غازی' میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایسرا بلگچ بہت کم عرصے میں پاکستان میں بہت زیادہ مقبول ہوچکی ہیں۔
گزشتہ دنوں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان کے 3 معروف برانڈز کے ساتھ کام کا آغاز کرنے والی ہیں۔ انٹرویو میں ایسرا بلگچ نے بتایا تھا کہ وہ پہلی بار پاکستان کے 3 معروف برانڈز کے ساتھ کام کریں گی، تاہم اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا تھا۔
ترک اداکارہ نے بتایا تھا کہ جلد ہی ان کی جانب سے پاکستانی برانڈز کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے باضابطہ اعلان بھی ہوجائے گا۔
دوسری جانب ترکی کے ’’ گیم آف تھرون‘‘ کہلائے جانے والے ڈرامے’’ ارطغرل غازی‘‘ نے دنیا بھر میں داد سمیٹنے کے بعد آج کل پاکستانیوں کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے۔ جہاں ایک طرف پاکستانی بڑی تعداد میں ارطغرل غازی دیکھ رہے ہیں وہیں ہدایت کار سید نور کا کہنا ہے کہ ان سے ڈرامہ ’’ ارطغرل غازی‘‘دو اقساط کے بعد دیکھا ہی نہیں گیا۔ سید نور حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے ترک ڈرامے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
میزبان نے سید نور سے پوچھا آپ نے ارطغرل دیکھا؟ جس پر سید نور نے کہا ارطغرل صاحب کی میں نے دو اقساط دیکھیں مجھے اچھا نہیں لگا اور میں نے اسے آگے دیکھا ہی نہیں۔ لیکن میں نے یہ ڈراما ابھی نہیں بلکہ ایک سال پہلے نیٹ فلکس پر دیکھا تھا۔ چار گھوڑے ہیں ان کے پاس جو وہ بھگا رہے ہیں، اِدھر بھی اور اُدھر بھی۔
میزبان نے پوچھا سید نور صاحب اگر آپ کو موقع ملے کسی تاریخی کردار پر ڈراما یا فلم بنانے کا تو آپ کس پر بنائیں گے؟ جس پر سید نور نے کہا اگر میں تاریخی کردارپر فلم یاڈراما بناؤں گا تو محمد بن قاسم پر بناؤں گا اور برصغیر کا وہ دور دکھاؤں گا جب یہاں اسلام نہیں تھا اور کس طرح وہاں اسلام آیا۔