(عمران یونس) آل پاکستان انجمن تاجران کا مطالبات کی منظوری تک ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے کا اعلان، اسلام آباد مارچ، ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کا گھیراؤ اورغیر معینہ مدت تک شٹرڈاؤن ہڑتال کا عندیہ بھی دے دیا۔
حکومتی پالیسیوں کیخلاف تاجر ڈٹ گئے، شہر بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال جاری، تاجر رہنماؤں نے مال روڈ فیصل چوک پر احتجاجی کیمپ لگایا، کیمپ کی سربراہی مرکزی جنرل سیکرٹری آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر نے کی، صدر لاہور ملک امانت، پیٹرن چیف عمران بشیر، عاصم شفیق، بابر خان، سہیل محمود بٹ، ملک فاروق حفیظ، رضوان بٹ، ملک کلیم، میاں وقار، میاں خلیل عبیر، شیخ عرفان اقبال، علی نصرت بٹ، مظہر امین بٹ اور راجہ بشارت سمیت دیگر نے شرکت کی۔
مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر کا کہنا تھا کہ کشمور سے گوادر تک پورا پاکستان شٹر ڈاؤن ہے، تاجر برادری نے بجٹ کو نامنظور کیا ہے، مذاکراتی عمل کے ذریعے تاجروں کے دیرینہ مسائل کا حل چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر جائزمطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر کے تاجر ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائیں گے، اسلام آباد مارچ کی دھمکی دیتے ہوئے نعیم میر نے کہا کہ ایف بی آر کے باہر غیر معینہ مدت تک احتجاج کیا جاسکتا ہے۔
صدر لاہور ملک امانت، پیٹرن چیف عمران بشیر اور صدر مال روڈ سہیل محمود بٹ نے کہا کہ مہنگائی اور ٹیکسز نے کاروبار ٹھپ کردیئے ہیں, لاہورچیمبر کو بھی وارننگ دیتے ہیں کہ جھوٹ سچ کی محفل کوختم کر کے تاجروں کا ساتھ دیں اور اقرباپروری چھوڑ دیں۔