حکومتی ٹیکس پالیسیوں کیخلاف تاجر ڈٹ گئے، شہر بھر کی مارکیٹیں بند

13 Jul, 2019 | 01:58 PM

Sughra Afzal
Read more!

(سٹی 42) حکومتی ٹیکس پالیسیوں کیخلاف تاجر ڈٹ گئے، تاجروں نے شہر بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کردی، دکانیں بند ہونے سے مارکیٹیں سنسان ہوگئیں، پولیس نےسکیورٹی پلان بنا لیا۔

تفصیلات کے مطابق شناختی کارڈ کی شرط،جنرل سیلز ٹیکس اورتاجر دشمن حکومتی پالیسی کےخلاف انجمن تاجران پاکستان کی کال پر ملک بھرکی تاجر برادری نےآج ہڑتال کی،  اس لئے آج ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی  بیشتر مارکیٹیں اور بازار صبح سے ہی بند ہیں، بازاروں اور مارکیٹوں میں تاجروں نے احتجاجی بینرز بھی آویزاں کر رکھے ہیں۔

آج کونسی کونسی مارکیٹیں بند ہیں ؟؟

انار کلی ، شاہ عالمی، اعظم کلاتھ مارکیٹ،برانڈرتھ روڈ، رحمان گلیاں، لنڈا بازار، ہال روڈ، لوہامارکیٹ، مصری شاہ، بادامی باغ،موچی گیٹ ، پیپر مارکیٹ گنپت روڈ ،بال بیئرنگ مارکیٹ، پلاسٹک  دانہ مارکیٹ ،  ہجویری مارکیٹ ،کیمیکل مارکیٹ ،نولکھا ٹائر مارکیٹ موبائل  اور صرافہ مارکیٹیں بند ہیں،دل محمد روڈ، میکلوڈروڈ، منٹگمری روڈ، اسلامیہ کالج ریلوے روڈ، شاہدرہ، باٹا پور، جلو کی مارکیٹوں میں سرگرمیاں معطل  ہیں، دکانیں بند ہونے سے مارکیٹیں ویرانے کے مناظر پیش کر رہی ہیں، شٹر ڈاؤن ہڑتال سے ڈیلی ویجزپر کام کرنےوالے مزدو طبقے کاروزگار بھی چھن گیا، تاجروں سے اظہار یکجہتی کےلئےمنی مزدا ایسوسی ایشن نے بھی آج گاڑیاں نہ چلانے کا اعلان کردیا۔

تاجر برادری دو حصوں میں تقسیم

 دوسری جانب تاجر تنظیمیں دو گروپوں میں تقسیم ہوگئی ہیں،عابد الیکٹرونکس مارکیٹ، اچھرہ بازار کے تاجروں نے  تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کردیا ، پی ٹی آئی کے منسلک کینٹ اور اندرون شہر کےتاجروں نے بھی ہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان کردیا، مدینہ بازار ٹاؤن شپ، غازی روڈ، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، جوہرٹاؤن جی ون مارکیٹ، واپڈا ٹاؤن مارکیٹ کھلی ہیں۔

تاجروں کی حکومت کو دھمکی

لاہور کی دیگر مارکیٹوں کے صدور اور تاجر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ مطالبات نہ مانے گئے تو پہیہ جام ہڑتال ہوگی، صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چودھری اور صدر آل پاکستان ٹریڈر الائنس میاں محمد علی کہنا تھا کہ ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے سالانہ بجٹ کو ناکام قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، وزراء ڈرا دھمکا رہے ہیں۔

 صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی اور سرپرست اعلیٰ ظہیر اے بابر کا کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، ہڑتال سے اربوں کا نہیں کھربوں کا نقصان ہوتا ہے، حکومت لاہور کو کھنڈر نہ بنائے، آج شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی، حکومت کی جھولی میں بیٹھے تاجر عوام سے مخلص نہیں۔

 سکیورٹی پلان تیار

لاہور پولیس نے ہڑتال کرنے والوں کو شرپسندی سے روکنے اور کاروبارکھولنےوالوں کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا،ایس ایس پی آپریشنز نے صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کو مذاکرات کی دعوت

 مال روڈ پر تاجر رہنمانعیم میر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  وزیراعظم کو مذاکرات کی دعوت دیتےہیں، وزیراعظم ہماری بات سنیں،مطالبات جائز ہوں تو مانیں ورنہ رد کردیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر جائزمطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر کے تاجر ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائیں گے، اسلام آباد مارچ کی دھمکی دیتے ہوئے نعیم میر نے کہا کہ ایف بی آر کے باہر غیر معینہ مدت تک احتجاج کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب لبرٹی میں اشرف بھٹی گروپ کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ مہنگائی نےکمر توڑدی، وزیراعظم اپنی معاشی ٹیم تبدیل کریں، کامیاب ہڑتال پرتاجرتنظیموں کاشکرگزار ہوں، حکومت نئی معاشی پالیسی کا اعلان کرے

مزیدخبریں