سٹی 42 : بلوچستان کے ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 27 دہشتگرد ہلاک کردیے ۔
سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا، جس کے بعد شدید فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آپریشن کے دوران متعدد خفیہ ٹھکانے، اسلحہ و ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد تباہ کردیا گیا ۔
ہلاک دہشت گردسکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔ سکیورٹی فورسزبلوچستان میں امن واستحکام کوسبوثاژکرنے کی کوشش ناکام بنانےکے لیے پرعزم ہیں ۔
سورس : آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ضلع کچھی، بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی گئی۔ وزیرِاعظم نے کاروائی کے دوران 27 دھشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیوں کی تعریف کی ۔
شہباز شریف نے کہا کہ دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دھشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے. انہوں نے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم اپنی جان کی پروا کئے بغیر ملک دشمنوں کے خلاف جنگ میں شریک سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے.
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے کچی میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 27 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بلاشبہ سکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں اور بہادری پر ناز ہے، بلوچستان میں دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے 27 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور ناپاک ارادوں کو خاک ملایا ، قوم سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے ، بلوچستان میں قیام امن کیلئے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔