ویب ڈیسک: ازبکستان کے ایک چڑیا گھر میں منگیتر کو خوش کرنے کی غرض سے شیر کے پنجرے میں جانے والا شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ 44 سالہ ایف ایرسکولو ازبکستان کے ایک چڑیا گھر میں بطور زوکیپر (zookeeper) ڈیوٹی کررہا تھا جس دوران اس نے منگیتر کو متاثر کرنے کیلئے 3 شیروں والے پنجرے میں جاکر ویڈیو ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اسی دوران ایرسکولو شیروں کی خوراک بن گیا اور اس کی چیخیں اور سسکیاں آخری آواز بن کر اس کے موبائل میں ریکارڈ ہوگئیں۔
مرنے والے شخص کے فون سے حاصل ہونے والے کلپ میں ایف ایرسکولو کو رات کے وقت شیروں کے پنجرے میں جاکر انہیں کھولتے اور پھر منگیتر کو مخاطب کرکے شیروں سے باتیں کرتے دیکھا گیا لیکن ایرسکولو کو شیر کو کھولنا بھاری پڑگیا، بھوکے شیروں نے زوکیپر پر حملہ کرکے اسے اپنا شکار بنالیا۔
ایف ایرسکولو کی باقیات کو 4 گھنٹے بعد شیروں کے پنجرے سے نکالاگیا جس دوران چڑیا گھر کی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ تینوں شیر زوکیپر کو نشانہ بنانے کے بعد چڑیا گھر سے فرار ہوگئے جس میں ایک کو تلاش کیے جانے کے بعد گولی ماردی گئی۔
پولیس کے مطابق زوکیپر شیروں کے پنجرے کا ایک ماہر تجربہ کار رکھوالی تھا۔