ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنی مدت پوری کی تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔
مسکن راوی ہاؤسنگ سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈھائی ماہ کی قلیل مدت میں 100 گھر بن کر تیار ہوچکے ہیں اور یہ گھر ان لوگوں کو ملیں ہیں جو اس کے حقدار تھے۔ جبکہ ان گھروں میں سولر سسٹم لگا ہوا ہے تاکہ ان غریب لوگوں کو بل نہ ادا کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ایٹمی دھماکے، موٹرویز اور بجلی کی بات ہوتی ہے تو نواز شریف کا ذکر ہوتا ہے۔ اور جب ملک کی ترقی کا ذکر ہوتا ہے تو بھی نواز شریف کا نام آتا ہے۔ نوازشریف کی سیاست خدمت کی سیاست ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہاؤسنگ سکیم میں کم آمدن والے لوگوں کو گھر مل رہے ہیں۔ اور نواز شریف کے ویژن اور خوابوں کو پورا کر رہے ہیں۔ یہ ہاؤسنگ اسکیم کم آمدنی والے افراد کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال ایک لاکھ لوگوں کو اپنا گھر مل جائے گا۔ اور 5 سال کے اندر 5 لاکھ مستحق خاندانوں کو گھر بنا کر دیں گے۔ مستحقین کو ملنے والے گھر ان کی ملکیت ہیں اور انہیں کوئی واپس نہیں لے سکتا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے کے لیے قرضے کی آسان اقساط رکھی ہیں۔ اور مکان کی تعمیر کے لیے 3 مرلے کا پلاٹ دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اس وقت پنجاب کے تمام 37 اضلاع میں ہزاروں گھر زیرتعمیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے ہر منصوبے پر نواز شریف کی مہر ہے۔ اور ہم نواز شریف کے سولجر کی طرح کام کر رہے ہیں۔ پنجاب کے عوام جانتے ہیں جو اسکیم نواز شریف لانچ کریں گے وہ پوری ہو گی۔ پنجاب کے عوام نے ہماری حکومت پر بہت اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہر اسکیم کے لیے لاکھوں درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ جبکہ مستحق اور نادار لوگوں کے لیے مفت زمین دینے کی اسکیم بھی لا رہے ہیں۔ پنجاب میں اس وقت 400 سڑکیں بن رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بچوں کا بھی پنجاب میں علاج ہو رہا ہے۔ ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے۔ اور ملک میں مہنگائی کی شرح 38 سے کم ہو کر 4 فیصد پر آگئی ہے۔ اب اگر حکومت نے 5 سال مکمل کیے تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔